ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اگنی پتھ اسکیم کے ذریعہ اپنی فوج بنانے کی کوشش کر رہی بی جے پی: ممتا بنرجی

اگنی پتھ اسکیم کے ذریعہ اپنی فوج بنانے کی کوشش کر رہی بی جے پی: ممتا بنرجی

Mon, 20 Jun 2022 22:30:05    S.O. News Service

کولکاتہ، 20؍جون (ایس او نیوز؍ایجنسی) مغربی بنگال اسمبلی میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے مرکز کی مودی حکومت کی اگنی پتھ اسکیم پر زوردار حملہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ بی جے پی کی اپنی خود کی فوج بنانے کی کوشش ہے۔ انھوں نے کہا کہ دفاعی فورس کا صرف ایک مکھوٹا کی شکل میں استعمال کیا جا رہا ہے۔ بی جے پی پورے ملک میں اپنے غنڈوں کی ایک طاقت بنانے کے لیے لالی پاپ پیش کر رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے اسمبلی کے رواں مانسون اجلاس کے دوران ایوان میں کہا کہ اگنی پتھ منصوبہ کا اعلان وزارت دفاع کے ذریعہ نہیں کیا گیا تھا بلکہ مرکزی وزارت داخلہ کے ذریعہ کیا گیا جو کہ حیرت انگیز ہے۔ یہ دراصل فوج کی تربیت کی آڑ میں اپنا خود کا کیڈر فورس بنانے کے لیے بی جے پی کی ایک سازش ہے۔ دفاعی فورس صرف ایک مکھوٹا ہے، بی جے پی پورے ملک میں اپنے غنڈوں کی ایک طاقت بنانے کے لیے لالی پاپ پیش کر رہی ہے۔

ممتا بنرجی کے اعلان کے درمیان میں ہی اپوزیشن لیڈر سویندو ادھیکاری کی قیادت میں بی جے پی اراکین اسمبلی نے مخالفت کرنا اور نعرہ لگانا شروع کر دیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ چار سال کی سروس کے بعد کئی لوگوں کی ملازمت چلی جائے گی۔ میں انھیں آپ کی رہائش پر بھیجوں گی اور آپ کو ان کی ملازمت کی ذمہ داری لینی ہوگی۔ ان تبصروں سے ناراض بی جے پی اراکین اسمبلی ایوان کے ویل میں پہنچ گئے اور احتجاجی مظاہرہ اور نعرے بازی کرنے لگے۔ جلد ہی بی جے پی اراکین اسمبلی نے ایوان سے واک آؤٹ کر دیا۔ بعد میں سویندو ادھیکاری نے میڈیا سے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے اس طرح کا تبصرہ کر کے ہندوستانی فوج کی بے عزتی کی ہے۔


Share: